شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانا عمران خان کی غلطی ہے: شیخ رشید

Last Updated On 26 January,2019 01:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانا عمران خان کی غلطی ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں پہلے ڈاکو خطاب کرتے ہیں، وزیراعظم کو بتا دیا میانوالی جلسے کی ضرورت نہیں، حکومت کا کام ڈلیور کرنا ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نیب سے کرپٹ افراد کیخلاف کارروائی میں تیزی کی گزارش ہے، آصف زرداری کا کیس شریف برادران سے زیادہ بڑا اور خطرناک ہے، جو بڑے جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں وہ لوگوں کا احتساب کریں گے ؟ انہوں نے کہا عمران خان کے پاس این آر او کی کوئی گنجائش نہیں، آئی ایم ایف شرائط کم کرنے میں عمران خان نے کردار ادا کیا، وزیراعظم سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

شیخ رشید نے مزید کہا شہباز شریف کیخلاف سپریم کورٹ ضرور جاؤں گا، یہاں چور مچائے شور کی فلم لگی ہوئی ہے، دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھا دیا گیا ہے، شہباز شریف کو کرپشن کیسز میں زیادہ ملوث سمجھتا ہوں، اسحاق ڈار جعلی دستاویزات بنانے کے ماہر ہیں۔
 

Advertisement