راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستانی فوج بہت پروفیشنل ہے لیکن دوسری جانب انڈین میڈیا ہر بات کر بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔
ہندوستان واپسی سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ میرا نام ونگ کمانڈر ابھینندن ہے، میں بھارتی ائیرفورس میں لڑاکا طیارہ کا پائلٹ ہوں۔ میں پاکستان میں ایک ٹارگٹ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہا تھا کہ پاکستان ائر فورس کے جہاز نے میرا جہاز گرایا۔
ابھینندن نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے جہاز سے چھلانگ لگائی، جب میرا پیرا شوٹ کھلا تو میرے پاس پستول تھی۔ جہاں میں نے لینڈ کیا لوگ بہت زیادہ تھے، میں نے پستول پھینک دی اور بھاگنے کی کوشش کی۔
بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آرمی کے دو لوگ میرے پاس آئے اور مجھے بچایا، اس کے بعد فوج کے کپتان آئے انہوں نے مجھے کچھ ہونے نہیں دیا۔ پھر وہ مجھے اپنے یونٹ لے گئے اور فرسٹ ایڈ دیا، بعد ازاں مجھے ہسپتال لے جایا گیا اور علاج کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا ہر چیز کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔ میں نے پاکستانی آرمی کے ساتھ وقت گزارا، پاکستانی آرمی بہت ہی پروفیشنل ہے، میں پاکستانی آرمی سے بہت متاثر ہوا۔ بھارتی میڈیا چھوٹی سی چیز کو آگ اور مرچ لگا کر چھوڑتا ہے جس سے لوگ بہکاوے میں آ جاتے ہیں۔