کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی پہل، بھارتی پائلٹ ابھینندن رہا

Last Updated On 01 March,2019 08:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر انڈین حکام کے حوالے کیا گیا۔ بھارتی ائیر اتاشی بھی ابھینندن کے ہمراہ بھارتی چلے گئے۔

بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پہنچایا گیا۔ اس موقع پر پنجاب رینجرز کے خصوصی کمانڈوز کے دستے تعینات کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان

سفارتی ذرائع کے مطابق انڈین ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی اور روانگی سے متعلق بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ اور ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ٹی کریاں سفری دستاویزات کے ساتھ لاہور میں موجود رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ابھینندن سے پہلے کس گرفتار پائلٹ کو واپس بھارت بھیجا گیا تھا؟

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خطے میں دیرپا قیام امن کیلئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی  پاکستانی قوم کا فخر

بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو گزشتہ ماہ 27 فروری کو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔ پاکستانی فضائیہ نے پہلے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار اہداف کو نشانہ بنایا، پھر پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے دو انڈین طیارے مار گرائے جبکہ ایک پائلٹ ابھی نندن کو حراست میں لیا گیا تھا۔

اپنے وطن روانگی سے قبل بھارتی پائلٹ ابھینندن نے پاکستانی حکام سے الوداعی ملاقات کی اور کہا کہ مجھ سے پاکستان نے بہت اچھا سلوک برتا۔ میں مانتا ہوں کشیدگی کم ہونی چاہیے، یہاں یہ بات محسوس کی کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان سے امن کی سوچ کو لے کر بھارت جا رہا ہوں۔