ترک صدر کا وزیراعظم کو فون، پاک بھارت کشیدگی پر بات چیت

Last Updated On 01 March,2019 09:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر رجب طیب اردگان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد سے ٹیلی فونک گفتگو، پاک بھارت کشیدگی اور صورتحال معمول پر لانے کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ عالمی رہنمائوں نے مسائل پرامن طریقہ سے حل کرنے کی وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔

ترک صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک صدر نے کشیدگی کے خاتمے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی پارلیمنٹ میں تقریر اور بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کو سراہا۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسلام پرامن مذہب ہے اور معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیتا ہے۔

طیب اردگان نے وزیراعظم کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے اور جذبہ خیر سگالی کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو بھارت کے ساتھ کشیدہ تعلقات پر بریف کیا۔

وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کی جانب بھی ترک صدر کی توجہ مبذول کرائی۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور کشمیریوں کی مسلسل حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان اور طیب اردگان کی ٹیلی فونک گفتگو میں ترک صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان پر بھی بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ترک صدر کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے میں مد د ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ترکی کے ساتھ کھڑا رہنے والا ملک ہے۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان نے بھی وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں مدبرانہ تقریر پر مبارک باد دی۔

ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی خواہش کو سراہا۔
 

Advertisement