صمصام بخاری نے وزیر اطلاعات کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

Last Updated On 06 March,2019 03:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صمصام بخاری نے پنجاب کے وزیر اطلاعات کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پی ٹی آئی رہنما سے وزارت کا حلف لیا۔

حلف برادری تقریب میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزرا راجہ بشارت، سردار محسن لغاری، سردار حسنین بہادر دریشک، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر اختر ملک نے شرکت کی۔ منظور وٹو، عائشہ چوہدری، اعظم ملک، چوہدری ظہیر الدین اور دیگر حکام بھی حلف برادری تقریب میں موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صمصام بخاری کو صوبائی وزارت کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا صوبائی وزیر صمصام بخاری منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین ہیں، وہ اپنے فرائض محنت اور پارٹی پالیسی کے مطابق سرانجام دیں گے، صمصام بخاری اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ لے لیا گیا

یاد رہے گزشتہ روز ہندو برادری کیخلاف بیان بازی اور ان کی دل آزاری کرنے پر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ لیا گیا۔ فیاض الحسن چوہان ماضی میں بھی متعدد بار غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے مشکل میں آتے رہے۔ صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے کے بعد بھی ان کو سخت تنبیہ کی گئی تھی۔ اس مرتبہ غیر ذمہ دارانہ بیان ان کی وزارت کو ہی لے ڈوبا۔