نواز شریف کو علاج کی سہولت نہ دینے پر پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے

Last Updated On 06 March,2019 03:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاج کی معاملے پر پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے آ گئے، ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی عروج پر رہی، مسلم لیگ ن نے اسمبلی کی سیڑھیوں پر حکومت کے خلاف بھی میدان سجائے رکھا۔

مسلم لیگ ن نے نواز شریف کے علاج کا معاملہ ایوان میں اٹھایا تو لیگی ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور احتجاج کیا۔ سابق سپیکر رانا محمد اقبال اور خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو علاج کی مناسب سہولت نہیں دی جا رہی۔

لیگی ارکان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی تو جواب میں حکومتی ارکان بھی ڈٹ گئے اور نواز شریف کے خلاف خوب نعرے لگائے۔ وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ملک کے اندر نواز شریف کی مرضی کے ڈاکٹر سے علاج کروانے کو تیار ہے مگر یہ انوکھا لاڈلا قیدی ہے جو مرضی کا علاج اور مرضی کے فیصلے چاہتا ہے۔

اپوزیشن نے احتجاجا ایوان سے واک آئوٹ کیا اور اسمبلی کی سیڑھیوں پر حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ پنجاب اسمبلی میں میرچاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ڈیرہ غازی خان کا بل اپوزیشن کی غیر موجودگی میں منظور کرلیا گیا۔
 

Advertisement