کشمیریوں کو ان کا حق دیں، وہاں خود ہی امن آ جائے گا: بلاول بھٹو

Last Updated On 06 March,2019 05:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے بچوں کو بیلٹ گنوں سے بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان نے صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ آرمی چیف کو سراہتے ہیں جنہوں نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا۔ پاک فوج کے 2 جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کی خاطر شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ہمیں اس موقع پر شہید بھٹو کو بھی یاد کرنا چاہیے جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے انڈین وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا نریندر مودی کو نہیں گجرات کے قصاب کو جانتی ہے۔ مودی پر دہشت گردی کے باعث امریکہ داخلہ پر پابندی تھی۔ گجرات کا قصائی اس وقت بھی اپنی سیاست کے لئے جنگی جنون پھیلا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے بچوں کو بیلٹ گنوں سے بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں خود کش حملہ وہاں کے مقامی نوجوان نے کیا۔ کشمیریوں کو ان کا حق دیں تو وہاں خود ہی امن آ جائے گا۔