سانحہ ماڈل ٹاؤن: شہباز شریف کی بغیر حاضری بیان ریکارڈ کرانے کی استدعا مسترد

Last Updated On 07 March,2019 06:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تفتیش کیلئے قائم جے آئی ٹی نے ن لیگ کے رہنماؤں سے تفتیش کی تاہم شہباز شریف کو بغیر حاضری بیان ریکارڈ کرانے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں مسلم ن کے رہنما خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ اور پرویز رشید پہلی بار پیش ہوئے اور اپنے بیانات ریکارڈ کرائے۔ مسلم لیگ ن نے جے آئی ٹی کی تشکیل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا تحریری بیان جمع کرایا۔

جے آئی ٹی ممبران نے خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ اور پرویز رشید سے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق سوالات کیے جبکہ شہباز شریف کے تحریری بیان کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل خلاف قانون اور سیاسی انتقام ہے۔

تازہ ترین اطلاعات ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تفتیش کیلئے قائم جے آئی ٹی نے شہباز شریف کو بغیر حاضری بیان ریکارڈ کرانے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کے وکیل نے جے آئی ٹی کو بتایا کہ شہباز شریف بیمار ہیں، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر انھیں کہا گیا کہ جب طبعیت ٹھیک ہو آجائیں، انھیں خود پیش ہونا ہوگا۔ دنیا نیوز ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی آئندہ ہفتے دوبارہ طلبی کا امکان ہے۔