جمہوریت بہترین انتقام کی باتیں کرنیوالوں نے پاکستان سے انتقام لیا، وزیراعظم

Last Updated On 07 March,2019 07:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے تعاون کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، یقین دلاتا ہوں تاجر برادری کیساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

اسلام آباد میں تاجر برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اداروں کو ٹھیک کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ایف بی آر میں جب تک اصلاحات نہیں ہونگی تب تک ٹیکس اکٹھا نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ اصلاحات کر رہے ہیں زیادہ نہیں تھوڑی دیر لگے گی۔ یقین دلاتا ہوں تاجر برادری کیساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان کوشش کرتا ہے عزت اور کامیابی اللہ دیتا ہے۔ میری جدوجہد کا مقصد ملک سے غربت ختم اور اولین ترجیح عام آدمی کی زندگی کو بہتر کرنا ہے۔ مجھے قوم پر مکمل اعتماد ہے۔ جب قوم اکٹھی ہو جائے تو اسے کوئی بھی شکست نہیں دے سکتا۔ چاہتا ہوں پوری دنیا میں لوگ ہرے پاسپورٹ کی عزت کریں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے۔ صرف سیاحت میں اضافہ کر لیں تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی ختم ہو جائے گا۔ قرضوں کی قسطیں واپس کرنا مشکل وقت ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں سرمایہ کاری بڑھتی جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ کرپشن پر قابو پا کر اداروں کو مضبوط کر رہے ہیں۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو رہا ہے۔ ایف بی آر کو ٹھیک کرنے کے لیے پورا زور لگانا ہے۔ دنیا کا کوئی بھی معاشرہ ٹیکس دیئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ یقین دلاتا ہوں ملک سے ٹیکس اکٹھا کر کے دکھاؤں گا۔

گزشتہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام کی باتیں کرنیوالوں نے قرضے چڑھا کر پاکستان سے انتقام لیا، معتبر شکل بنا کر باتیں کرنے والے پرانے سیاستدانوں کو شرم آنی چاہیے،وزیراعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے کہا لوگ عدالتوں میں جھوٹی گواہیاں دیتے ہیں۔ لندن میں اگر کوئی جھوٹی گواہی دے تو تین سال سزا ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں جھوٹی گواہی کو برا ہی نہیں سمجھا جاتا، ہمیں سچ بولنا ہوگا، سچ بولنے والے معاشرے ہی ترقی کرتے ہیں، ہمیں نئی سوچ اور اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا۔
 

Advertisement