'جھوٹے گواہوں کی سزا کیلئے چیف جسٹس کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں'

Last Updated On 05 March,2019 12:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان بھی جھوٹی گواہی کے خلاف مہم میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے ہمنوا بن گئے۔ عمران خان کا کہنا ہے 'سچائی کی طرف سفر' دراصل 'نئے پاکستان کی طرف سفر' ہے۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ جھوٹے گواہوں کی سزا سے متعلق چیف جسٹس کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘‘سچائی کی طرف سفر’’ دراصل ‘‘نئے پاکستان کی طرف سفر’’ ہے، اعلیٰ اخلاقی اقدار رکھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، سچائی پر مبنی اعلیٰ اقدار رکھنے والی ریاست مدینہ مسلم تہذیب کی بنیاد ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز کیس کی سماعت دوران چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا آج سے سچ کا سفر شروع ہو گیا، تمام گواہوں کو خبر ہوجائے اگر تھوڑا سا بھی جھوٹ ہو تو گواہ کا سارا بیان مسترد ہوگا، اسلام کے مطابق بھی گواہی کا کچھ حصہ جھوٹ ہو تو سارا بیان مسترد کیا جاتا ہے، قانون کہتا ہے جھوٹی گواہی پر عمرقید ہوتی ہے، 4 مارچ 2019کی تاریخ یاد رکھیں، آج سے جھوٹی گواہی کا خاتمہ کر رہے ہیں۔