حکومت پنجاب کا توانائی شعبے میں ن لیگ کی کرپشن بے نقاب کرنے کا اعلان

Last Updated On 08 March,2019 07:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے توانائی کے شعبے میں مسلم لیگ ن کی کرپشن بے نقاب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ملک لوٹا اور دولت لندن منتقل کر دی۔

حکومت پنجاب کے وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، وزیر اطلاعات صمصام بخاری اور ترجمان وزیراعلیٰ شہباز گل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ توانائی کے شعبے میں مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت کی کرپشن اور بے ضابطگیاں بے نقاب کی جائیں گی۔

وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا تھا کہ توانائی کا شعبہ اور وزارت شہباز شریف نے اپنے پاس رکھی۔ ٹھیکیداروں سے براہ راست ڈیل کرنے والے معاملات شہباز شریف اپنے ہاتھ میں رکھتے تھے۔ شریف برداران ایسٹ انڈیا کمپنی کی باقیات ہیں۔ یہ بھی ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر دولت لوٹ کر لندن منتقل کرتے رہے۔ عنقریب توانائی شعبے کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی ڈی سی ایل کمپنی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی، اس کمپنی میں شہباز شریف کے داماد بھی ملوث ہیں جس کی نیب تحقیقات کر رہی ہے۔