ن لیگ کی حکومت کو مشترکہ معاشی ایجنڈا تشکیل دینے کی پیشکش

Last Updated On 10 March,2019 04:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر حکومت کو پارلیمینٹ میں مشترکہ معاشی ایجنڈا تشکیل دینے کی پیشکش کر دی۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ معاشی ایجنڈے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

حمزہ شہباز نے جامعہ نعیمیہ لاہور میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عمران خان کو مل کر ملکی مسائل کے حل کی دعوت دی لیکن جواب میں ہمیں چور ڈاکو کہا گیا۔ اب بھی وقت ہے تمام سیاسی جماعتوں کو پارلیمینٹ میں ایک معاشی ایجنڈے پر اکٹھے ہونا چاہئے، ایسا معاشی ایجنڈا ہو جس پر کوئی سیاست نہ کرے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے پاکستان میں دراندازی کی، اس کا بس اس لیے نہیں چلتا کیوں کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے۔ اب بھی خدشہ ہے کہ بھارت دوبارہ کوئی ایڈونچر کر سکتا ہے۔ بھارتی جارحیت پر پاکستانی پارلیمنٹ نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہمیں دین کے نام پر گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ اب یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے دشمنوں کو پہچانیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ دعا کرتے ہیں کہ بھاشا ڈیم ہماری زندگی میں ہی بن جائے۔