آشیانہ ہاؤسنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز 16 مارچ کو دوبارہ طلب

Last Updated On 04 March,2019 02:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز 16 مارچ کو دوبارہ طلب کرلیا۔ رمضان شوگر ملز کیس میں آئندہ تاریخ پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے آشیانہ اقبال سکینڈل کیس پر سماعت کی۔ شہباز شریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ کے تاخیر سے پیش ہونے پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ اور ایس ہیڈ کوارٹرز کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔

آشیانہ اقبال سکینڈل کیس میں 2 گواہان اسرار سعید اور عارف بٹ کے بیانات قلمبند کروا دئیے۔ آشیانہ اقبال سکینڈل ریفرنس میں شہباز شریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 13 ملزمان کو نامزد کیا گیا جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کر دی گئیں۔ عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر گواہان کو بھی طلب کر لیا ہے جبکہ ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔