شہباز شریف فیملی کے عدم تعاون سے تفتیش میں مشکلات درپیش، نیب

Last Updated On 12 March,2019 06:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست میں کابینہ ڈویژن اور نیب نے لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔ نیب نے جواب میں کہا ہے شہباز شریف کے ایک بیٹے سلمان شہباز جواب دیے بغیر ملک سے چلے گئے۔ شہباز شریف کی فیملی کے عدم تعاون سے تفتیش میں مشکلات درپیش ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہزاد احمد خان اور جسٹس وقاص رؤف مرزا پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے روبرو کابینہ ڈویژن اور نیب نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا۔

نیب کی جانب سے جواب میں کہا گیا ہے کہ نام نکالنے کی استدعا انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ شہباز شریف کے ایک بیٹے سلمان شہباز جواب دیے بغیر ملک سے چلے گئے۔ شہباز شریف کی فیملی کے عدم تعاون سے تفتیش میں مشکلات درپیش ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے کہا گیا کہ نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا معاملہ وزارت داخلہ سے متعلق ہے، کابینہ ڈویژن کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

عدالت نے مزید سماعت 19 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا سے جواب طلب کر لیا۔ شہباز شریف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے کیس میں گرفتاری کے دوران اپنی بے گناہی کے ثبوت دئیے، نیب کی درخواست پر وزارت داخلہ نے نام ای سی ایل میں شامل کر دیا۔ پوتی کی تیمارداری اور دیگر مصروفیات کی وجہ سے برطانیہ جانا چاہتا ہوں، عدالت ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔