وزیراعلیٰ کی تاحیات مراعات، وزیراعظم عمران خان کا ناگواری کا اظہار

Last Updated On 18 March,2019 09:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کی تاحیات مراعات اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر ناگواری کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت، وفاقی حکومت کی کفایت شعاری مہم کو مدنظر رکھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامی معاملات میں پارٹی رہنماؤں کی مداخلت کا شکوہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادار نے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ اور اراکین پنجاب اسمبلی کی مراعات اور تنخواہوں میں اضافے سے متعلق بل کی منظوری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو کفایت شعاری اپنانے اور گورننس بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے عثمان بزادار کو ہدایت کی کہ ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کو مدنظر رکھ کر کیا جائے۔ صوبے میں گورننس بہتر بنانے سے متعلق پارٹی منشور پر عملدرآمد کریں اور بطور وزیراعلیٰ انتظامی معاملات اپنے ہاتھ میں رکھیں۔

عثمان بزدار نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی جبکہ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنماؤں کی مداخلت سے فیصلوں پر عملدرآمد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملاقات میں صوبائی کابینہ کی کارکردگی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے حوالے سے ن لیگ کے مطالبات پر بھی گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو بتایا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جیل انتظامیہ اور شریف خاندان سے رابطے میں ہیں۔ نواز شریف کو صحت کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔