اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے بھارت تسلیم کرلے، پاکستان ایک حقیقت ہے، پڑوسی ملک کا نامناسب رویہ خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے، ہر مسئلہ بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں، اصل جنگ غربت اور بے روز گاری کے خلاف ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا 23 مارچ پاکستان کے حصول کا سنگ میل ہے، آزادی کا حصول قربانی کا متقاضی ہوتا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانی و مالی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا آج پاکستان ابھرتی ہوئی معاشی قوت ہے، تمام ممالک کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں، امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
قوم نے غیر معمولی حالات کا سامنا کیا اور ہمیشہ سرخرو ہوئی: صدر مملکت
صدر عارف علوی کا کہنا تھا پاکستان کو دہشتگردی جیسے چیلنجز کا سامنا رہا، پاکستان مضبوط اور پر امن ایٹمی طاقت ہے، بھارت کو حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا، پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزامات عائد کیے، لڑائی پر یقین نہیں رکھتے، بھارت نے عالمی قوانین کو پامال کیا۔ انہوں نے کہا بھارتی جارحیت کا جواب دینا ہمارا فرض تھا، بہتر حکمت عملی سے بھارت کو موثر اور فوری جواب دیا، جمہوری ملک ہونے کے ناطے پاکستان مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، پاکستان پر امن بقائے باہمی کے اصول پر یقین رکھتا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا خطے کو امن کی ضرورت ہے، جنگ کی نہیں، تلخیوں کو ختم کر کے خطے میں خوشحالی کے خواہاں ہیں، ہم پر امن قوم ہیں اپنے دفاع سے ہرگز غافل نہیں۔ انہوں نے کہا دہشتگردی دنیا کے امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، افغانستان میں امن پاکستان میں دائمی امن کیلئے ناگزیر ہے، افغانستان کے عوام طویل جنگ سے نجات چاہتے ہیں۔