بھارت جنگی جنون میں مبتلا، عام انتخابات تک خطرات ہیں: وزیراعظم

Last Updated On 27 March,2019 05:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے، عام انتخابات سے قبل کچھ بھی کرسکتا ہے، پلوامہ واقعہ مودی حکومت نے جنگی جنون پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک ہیجان زدہ شخص ہے، وہ میزائل حملے سے دونوں ملکوں کو جنگ کے دہانے پر لے آئے۔ انہوں نے کہا پلوامہ واقعہ مودی حکومت نے جنگی جنون پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا، پلوامہ حملہ مودی کی مسلم مخالف حکومت اور مقبوضہ کشمیر میں سخت پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان کا جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں، نئے پاکستان میں دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، دہشتگرد تنظیموں کیخلاف پاکستان میں آج جو کچھ ہو رہا ہے اس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔ معاشی صورتحال کے سوال پر عمران خان نے کہا پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان چین کی کلائنٹ ریاست بن چکا ہے، چین نے ہمیشہ پاکستان کیساتھ تعاون کیا، جس پر اس کے شکر گزارہیں، اس مرتبہ پاکستان آخری بار آئی ایم ایف سے رجوع کرے گا۔