'تم سب سے الگ ہو میرے کپتان'

Last Updated On 30 March,2019 06:57 pm

کراچی (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے مختلف منصوبوں کے اعلانات کے ساتھ ساتھ شہر کی بہتری کیلئے ترقیاتی پیکج کا اعلان بھی کیا۔

وزیر اعظم کے دورے کے بعد پی ٹی آئی رہنماعامرلیاقت حسین نے ان کیلئے تعریفوں کے پل باندھ دیے، ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا: "وہ آیا، اس نے دیکھا، اور فتح کرلیا، کبھی ہوگی سکندر اعظم کے لیے یہ کہاوت لیکن قائد اعظم کے بیٹے عمران خان نے اپنے کرداراور خندہ پیشانی سے کراچی میں اپنی مصروفیات کے دوران سب کا دل جیت لیا۔ تم سب سے الگ ہو میرے کپتان۔"

کراچی کے ایک روزہ دورے پر وزیراعظم عمران خان نےشہر میں 18 ترقیاتی منصوبوں کےلئے ایک سو باسٹھ ارب روپے کے پیکیج کااعلان کیا۔ کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ ان میں دس منصوبے ٹرانسپورٹ کے شعبے، سات پانی اور نکاسی آب اور پانی ذخیرہ کرنے کا ایک منصوبہ شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ نسلوں کے استعمال کےلئے پانی کی بچت کی اہمیت اجاگر کرنے کےلئے ایک مہم شروع کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی کو ترقی یافتہ بنائے بغیرپاکستان ترقی نہیں کرسکتا اور صوبائی دارالحکومت کی ترقی کےلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، انہوں نےکہا کہ تمام شعبوں میں شہر کی تیزی سے ترقی کے تناظر میں کراچی کا ایک بڑا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ گزشتہ دس سال کے دوران کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی سے پورے ملک کو نقصان پہنچا۔


وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ضلع تھرپار کر میں آر او پلانٹس کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا جس پر ایک ارب روپے لاگت آئے گی۔

ادھر وزیراعظم نے  کراچی میں باغ ابن قاسم کا بھی افتتاح کیا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی آئندہ نسلوں کو زیادہ سرسبز مقامات فراہم کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرسبز علاقوں کو محفوظ بنانے کےلئے ملک میں مزید بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں دس ارب پودے لگانے کے ہدف میں کراچی اور سندھ کے دوسرے شہروں میں بھی مزید پودے لگانا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی حدت سے متاثرہ پہلے دس ممالک میں آٹھویں نمبر پر ہے۔

عمران خان نے کہاکہ اگر ہم نے اب ماحولیاتی بہتری کےلئے نئے اقدامات نہ کئے توہماری اگلی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

وزیراعظم نے اس پارک کی تعمیر کےلئے کراچی کے میئر وسیم اختر کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پارک شہر کے سرسبز و شاداب نظاروں میں ایک نیا اضافہ ہوگا اور اس سے عوام کو تفریح کا موقع میسر آئے گا۔