وزیرِاعلی پنجاب کے والد کی نماز جنازہ تونسہ شریف میں ادا

Last Updated On 01 April,2019 06:45 pm

تونسہ شریف: (دنیا نیوز) وزیرِاعلی پنجاب عثمان بزدار کے والد سردار فتح خان بزدار کی نماز جنازہ شاہ سلیمان سٹیڈیم تونسہ شریف میں ادا کر دی گئی۔ وزرا، سیاسی شخصیات، اعلیٰ افسروں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سردار فتح خان بزدار کی نماز جنازہ بزرگ شخصیت حاجی فضل حسین نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، جہانگیر ترین، چیف سیکریٹری پنجاب، صوبائی وزرا سمیت اہم مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

سردار فتح محمد بزدار پنجاب اسمبلی کے رکن بھی رہے۔ وہ تونسہ شریف میں رہائش پذیر تھے۔ وزیراعظم عمران خان، شریف برادران، پرویز الہیٰ، مراد علی شاہ سمیت سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے والد کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے وزیراعلیٰ سے رابطہ کیا اور عثمان بزدار سے ان کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا مرحوم ایک شریف انسان تھے، بطور رکن پنجاب اسمبلی ان کے ساتھ کام کیا، دکھ کی اس کھڑی میں میں اور میرا پورا خاندان سردار عثمان بردار کے ساتھ کھڑے ہیں۔

گورنر پنجاب ‏چودھری محمد سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب کے والد سردار فتح محمد بزدار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاء فرمائے، اللہ تعالی خاندان کو صبر وجمیل عطا فرمائے۔