اسحاق ڈار کو کنٹریکٹ پر وزیر خزانہ رکھا جائے: ن لیگ کی قرارداد جمع

Last Updated On 04 April,2019 02:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں دلچسپ قرارداد جمع کرا دی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنا وزیر خزانہ اسد عمر کے بس کے بات نہیں، اسحاق ڈار کو کنٹریکٹ پر وزیر خزانہ رکھا جائے۔

قرارداد پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان کو حالیہ معاشی بحران سے نکالنا وزیر خزانہ اسد عمر کے بس کی بات نہیں رہی، موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کو لکھ کر دے دیا ہے کہ ڈالر 169 روپے تک لے جایا جائے گا، حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانے سے قبل عوام پر مہنگائی مسلط کر دی ہے، پہلی مرتبہ ڈالر 142اور سونا 72 ہزار فی تولہ ہوا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کنٹریکٹ پر رکھا جائے، اسحاق ڈار حکومت کو یہ آفر کرچکے ہیں، اگر پاکستان کی معاشی صورتحال یہی رہی تو 2021ء تک ملکی قرض 35948 ارب تک پہنچ جائے گا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اس سے بہتر ہے کہ حکومت اسحاق ڈار کی آفر کو فی الفور قبول کرے، حکومت کے پاس اسحاق ڈار کے معاشی تجربات سے فائدہ اٹھانے کا سنہری موقع ہے، اسحاق ڈار ( ن) لیگ کی دور حکومت میں ڈالر کو 111 روپے سے 98 روپے تک لائے تھے۔
 

Advertisement