'وزیراعظم مسلط کردہ، نواز شریف حکومت کی مخالفت کرنے پر متفق ہیں،

Last Updated On 09 April,2019 12:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فضل الرحمان کا کہنا ہے وزیراعظم خلائی اور مسلط کردہ ہیں، نواز شریف حکومت کی مخالفت کرنے پر متفق ہیں، تحریک کا طریقہ کار طے کرنا باقی ہے، نیب کے معاملے میں سخت فیصلے کرنے چاہئیں۔

 لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جب 2 رہنما بیٹھتے ہیں تو سیاسی باتیں بھی ہوتی ہیں، پاکستانی معیشت ہچکولے کھا رہی ہے، ملک کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر سب ایک پیج پر تھے، آج یا کل آصف زرداری سے بھی ملاقات ہوگی، موجودہ وزیراعظم جعلی اور خلائی قسم کے ہیں، ملک میں مہنگائی اور معیشت کی صورتحال پر تشویش ہے۔

سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) فضل الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت مخالف تحریک کیلئے نواز شریف سے حتمی رائے نہیں لی، پارٹی لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ نواز شریف نے کرنا ہے، نیب سے متعلق سخت فیصلے لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا عمران خان ہماری فکر چھوڑیں، اپنے خاتمے کی فکر کریں، نواز شریف کا موڈ بہت اچھا تھا، مطمئن ہو کر اٹھا ہوں، آج یا کل آصف زرداری سے بھی ملاقات ہوگی۔