بھارت سبکی کے بعد نئے مس ایڈونچر کی تیاری کر رہا ہے: شاہ محمود

Last Updated On 11 April,2019 04:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے بھارت سبکی کے بعد نئے مس ایڈونچر کی تیاری کر رہا ہے، پاکستان کے پاس انٹیلی جنس اطلاعات ہیں، امریکا نے بھی کہہ دیا جہاز گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی وزارت خارجہ کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 23 مئی تک پاکستان کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے، کرتار پور راہداری مذاکرات پر بھارت نے پاکستانی صحافیوں کو ویزے سے انکار کیا، بھارت تاریخ طے کر کے 2 اپریل کے مذاکرات سے بھاگ گیا۔

شیری رحمان نے کہا یو اے ای کی جیل میں پاکستانی سزا پوری کرنے کے باوجود قید ہیں۔ جس پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا سزا پوری کرنے والے قیدیوں کی واپسی کیلئے کوششیں جاری ہیں، سعودی عرب سے بات ہوچکی ہے، 2107 قیدی رہا ہوں گے، رمضان میں متحدہ عرب امارات سے خوشخبری ملے گی۔

قائمہ کمیٹی خارجہ نے وزیراعظم کے بھارت میں مودی حکومت دیکھنے سے متعلق بیان پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وعدہ کیا کہ عمران خان کو مودی حکومت سے متعلق بیان پر تحفظات سے آگاہ کروں گا۔ انہوں نے کہا بھارت نے ڈوزیئر میں جو معلومات فراہم کیں، اس میں کچھ نیا نہیں تھا، پاکستان نے بھارت کے 2 جہاز مار گرائے، بھارت نے اپنا ہیلی کاپٹر ہی مار گرایا جس میں 6 لوگ مارے گئے، پاکستان کی حراست میں صرف ایک بھارتی پائلٹ تھا، اسرائیلی پائلٹ سے متعلق خبریں غلط ہیں۔