ماضی میں دو سیاسی جماعتوں نے ملک کو بے دردی سے لوٹا: شیخ رشید

Last Updated On 13 April,2019 01:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ ماضی میں دو سیاسی جماعتوں نے ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے، کرپشن پر جس کو پکڑتے ہیں وہ بیمار ہوجاتا، عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ انہیں جانے دو، زیر حراست کسی جان چلی گئی تو ہمارے گلے پڑے جائے گا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سیاسی استحکام کے بغیر ملک میں معاشی استحکام نہیں آسکتا، معاشرے میں پیسے کی فراوانی سے کرپشن بڑھی ہے، معاشرہ مجموعی طور پر کرپٹ ہوچکا ہے، اس ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ چند ماہ میں 24 نئی ٹرینیں چلا چکے ہیں، گرین لائن میں بچوں کا کرایہ نصف کر دیا ہے، ریلوے کی آمدن میں ہر ماہ بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا ملک میں مال بردار ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں، سی پیک میں ریلوے کے منصوبے بھی شامل ہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں جانا مجبوری ہے، متعلقہ محکمے کے وزیر اور سیکرٹری کے بغیر کرپشن نہیں ہوسکتی، بزنس مین ملک چلاتا ہے لیکن خرابیاں بھی انہی سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا سمگلنگ روڈ سے ہی نہیں ٹرین سے بھی ہوتی ہے، دنیا میں گوادر پورٹ کے مقابلے میں کوئی بندرگاہ نہیں۔
 

Advertisement