'آئی ایم ایف کیساتھ اصولی اتفاق ہوگیا، حالات بہت جلد بہتر ہو جائیں گے'

Last Updated On 15 April,2019 06:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ اصولی اتفاق ہوگیا ہے، وفد رواں ماہ کے آخری ہفتے میں پاکستان آئے گا، آئی ایم ایف سے معاملات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے، حالات بہت جلد بہتر ہو جائیں گے۔

اسد عمر آج امریکا سے وطن واپسی کے بعد قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر خزانہ نے بتایا آئی ایم ایف، عالمی بینک اور دنیا کے بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی، حالات بہت جلد بہتر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا گزشتہ ادوار میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کی تفصیلات پبلک نہیں کی گئیں، جب آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو گا میں خود کمیٹی میں آ کر ڈرافٹ شئیر کروں گا، معاہدہ ہونے پہلے تفصیلات شئیر نہیں کی جا سکتی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا بجٹ کے حوالے سے تمام ارکان کمیٹی اپنی تجاویز دیں، آئی ایم ایف کیساتھ قرض کے معاہدے دستخط ہوتے ہوئے پتا چلے گا کہ قرض کا حجم کیا ہے۔ انہوں نے کہا ایف اے ٹی ایف کو آج ایکشن پلان بھیجا جائے گا، مئی کے وسط میں ایف اے ٹی کی ٹیم آئے گی، فیٹف ٹیم پاکستان آئے تو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا پاکستان نے تاریخ میں اتنا زیادہ خساروں کا سامنا نہیں کیا، نوبت یہاں تک آ گئی تھی کہ 15 دنوں کے لیے ادائیگیوں کے پیسے موجود نہیں تھے، اب پاکستان بحران کی کیفیت سے نکل چکا ہے۔

اسد عمر نے کہا آئی ایم ایف سے چینی قرضوں پر حالیہ دورے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی، آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر قرض مل سکتا ہے۔
 

Advertisement