سینیٹ کی پاور کمیٹی کا اجلاس، آئی پی پیز کیساتھ معاہدوں کی تفصیلات طلب

Last Updated On 16 April,2019 07:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی پاور کمیٹٰی نے آئی پی پیز کے ساتھ کئے جانے والے معاہدوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔

 

کمیٹٰی نے دو ہزار اٹھارہ انیس کے دوران کیسپیٹی پیمنٹس کی مد میں کی جانے والی ادائیگیوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین کمیٹی کہتے ہیں کہ اگر معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے تو یہ لوگ خود ہی پھنس جائیں گے۔

سینیٹر فدا محمد کے زیر صدارت اجلاس میں سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ آئی پی پیز نے جو لوٹ مار مچائی ان کو پکڑنا ہے اور انہی معاہدوں کے تحت ان کو پکڑنا ہے۔ پاور پلانٹس کو ڈالر ریٹ پر سترہ فیصد ریٹ آف ریٹرن دینے کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ کبھی پندرہ اور کبھی سترہ فیصد ریٹ آف ریٹرن کیسے دیا گیا۔ اس حوالے سے تمام تفصیلات پیش کریں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے تو ملک کا بھلا ہو جائے گا۔ سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ پلانٹس کا ماہانہ چارٹ بنا کر دکھائیں کہ کونسا پلانٹ نہیں چلا اور اس کو ادائیگی کی گئی۔ عوام کو نظر آنا چاہیے کہ یہ وہ کالی بھیڑ تھی جس نے سب کو مروایا۔

سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی نے بتایا کہ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں میں رعایت حاصل کرنے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ آئٰی پی پیز کے ساتھ بہتر شرائط طے کر لیں گے۔ اس حوالے سے اجلاس اگلے چند روز میں ہوگا۔

سیکرٹری پاور نے بتایا کہ آئٰی پی پیز کی جانب سے شرائط پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی بھی ہدایت ہے کہ آئٰی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی شرائط بہتر کریں۔