معاشی فیصلے جذباتیت سے نہیں، سوچ سمجھ کر کرنا ہونگے، عبدالحفیظ شیخ

Last Updated On 19 April,2019 05:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے نامزد ہونے والے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ معاشی فیصلے جذباتیت سے نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر کرنا ہونگے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نامزد مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ دبئی سے پاکستان پہنچ گئے ہیں، انہوں نے معاشی فیصلوں کے لیے اپنا روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ کی وزیراعظم عمران خان سے جلد ملاقات متوقع ہےجس میں وہ انھیں معاشی روڈ میپ سے آگاہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ معاشی فیصلوں میں خود مختاری چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ معاشی فیصلے جذباتیت سے نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر کرنا ہونگے، معاشی فیصلوں میں پارٹی ووٹ بینک نہیں بلکہ ملک کا مفاد مقدم ہوگا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق عبدالحفیظ شیخ کی بطور مشیر خزانہ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیکفیشن جوائنٹ سیکرٹری برائے کابینہ ڈویژن نے جاری کیا جبکہ اسد عمر کے استعفیٰ منظور کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔