کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنما انیس قائم خانی نے عید کے بعد جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس پی واحد پارٹی ہے جو اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ تبدیلی کے نام پر تباہی ہو رہی ہے۔
کراچی پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ عید کے بعد پی ایس پی کراچی میں جلسہ کرے گی اور بتائے گی کہ تبدیلی اور لسانیت کی سیاست کو عوام نے مسترد کیا ہے۔ کراچی اور سندھ کی عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ سندھ کو کیسے درست کیا جائے؟ اس کا علاج صرف مصطفیٰ کمال کے پاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غریب آدمی پہلے دس ہزار کا بجٹ بناتا تھا، اب بیس ہزار کا بجٹ بناتا ہے۔ تبدیلی کے نام پر تباہی ہو رہی ہے۔ انیس قائم خانی نے کہا کراچی والوں نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے جلسوں کو مسترد کر دیا۔ عوام لسانی سیاست کرنے والوں اور تبدیلی کے نعرے لگانے والوں سے تنگ ہیں۔