بھارت کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا

Last Updated On 03 May,2019 02:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، سعودی عرب، ایران اور دیگر ملکوں کیساتھ مل کر معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کیے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا مستقبل میں چین کے ساتھ مل کر صنعتی شعبے کو فروغ دے رہے ہیں، پاک چین آزاد تجارتی معاہدے کا مقصد پاکستانی صنعت کو فروغ دینا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو آسان بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا غیر ملکی سرمایہ کاری سے معیشت میں استحکام آئے گا، معیشت میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ملک میں سیاحت کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا خطے میں ترقی سے روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ترسیلات بڑھیں گی، آسان شرائط پر جدید ٹیکنالوجی کا تبادلہ ممکن بنایا جائے گا، وزیراعظم کے وژن کے مطابق درست سمت پر گامزن ہیں، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا وزارت خارجہ سفارتی سطح پر بہتر معیشت کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان افغان امن کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، افغانستان میں پائیدار امن چاہتے ہیں۔