اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم قرار دیدیا

Last Updated On 05 May,2019 08:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام کے ساتھ ظلم قرار دیدیا، کہتے ہیں رات کے اندھیرے میں بننے والی حکومت ہر روز قوم کو مہنگائی کے تحفے دے رہی ہے، تحریک انصاف مہنگائی تو ختم نہ کر سکی غریبوں کو ختم کرنے لگی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کا ردعمل، مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے پوری معیشت کو آگ لگ جاتی ہے، ملک میں مہنگائی کا ایسا سونامی آئے گا کہ غریب لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت نے9 روپے 31 پیسے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کرکے قوم کورمضان کی سلامی دی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف 9 ماہ میں مہنگائی کا طوفان لے آئی، حکومت مہنگائی تو ختم نہ کرسکی،غریبوں کو ختم کرنے میں لگی ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہر چیز کی قیمت میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ تحریک انصاف نے حسب وعدہ عوام کی چیخیں نکلوانا شروع کر دی ہیں۔