پاک ایران گیس منصوبہ، حکومت نے عالمی دبائو کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے: بلاول

Last Updated On 12 May,2019 08:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ختم کرنے پر کہا ہے کہ ایک بار بھر پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے عالمی دبائو کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔

چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عالمی دباؤ پر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل نہیں کر رہی۔ ہم نے شدید عالمی پابندیوں کے باوجود یہ منصوبہ شروع کیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان تھا اس لئے ہم نے کوئی دباؤ تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام لیڈرز کی کمزوری کی قیمت مہنگی گیس کی شکل میں ادا کر رہے ہیں۔