شہباز شریف منتیں کر کے باہر گئے، نہیں لگتا واپس آئیں گے: فواد چودھری

Last Updated On 13 May,2019 05:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف منتیں کر کے باہر گئے، نہیں لگتا واپس آئیں گے، اپوزیشن لیڈر کو کھینچ کر لائیں گے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت میں ان سے اظہار یکجہتی کے لیے پیش ہونے والے وفاقی وزیر فواد چوھدری نے احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالعلیم خان ہماری پارٹی کا حصہ ہیں، ان سے اظہار یکجہتی کیلئے پیش ہوئے ہیں، عبدالعلیم خان کے خلاف نیب کا کیس کمزور ہے۔

 فواد چودھری نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کی کرتوتوں کی وجہ سے یہاں تک پہنچے ہیں، حکومت کو عوام کی مشکلات اور مہنگائی کا احساس ہے، یہ پچھلی حکومتوں کا گند ہے، ٹھیک ہونے میں کچھ عرصہ لگے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، لوگوں میں مایوسی دیکھنے میں آئی ہے۔