مشکل فیصلے قوم کے مستقبل کیلئے اچھے ثابت ہونگے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 13 May,2019 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل فیصلے قوم کے مستقبل کے لیے اچھے ثابت ہونگے۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام اور ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر بریفنگ دی جبکہ معاشی ٹیم نے ارکان قومی اسمبلی کے سوالات کے جواب دیے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بھی سوالوں کے جوابات دیے جبکہ تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ نے بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اثر 75 فیصد عوام پر نہیں پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے شعبے میں 216 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ جو ادارے کام نہیں کریں گے، انہیں سبسڈی نہ دی جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب عوام کا احساس ہے، کوشش ہے کہ غریب عوام پر ٹیکسز کا بوجھ نہ پڑے۔ مشکل فیصلے قوم کے مستقبل کے لیے اچھے ثابت ہونگے۔