پی آئی اے پائلٹ نے روزہ دار فضائی میزبان کو جہاز سے اتار دیا

Last Updated On 16 May,2019 07:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) باکمال لوگوں کی عجیب منطق، پی آئی اے کے کپتان نے اسلام آباد سے برمنگھم جانے والی پرواز سے روزہ دار فضائی میزبان کو اتار دیا۔ میزبان روزہ توڑے تو ساتھ لے جا سکتا ہوں، کپتان کی ہٹ دھرمی پر فضائی میزبان جہاز سے اتر گیا۔

پی آئی اے ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد سے برمنگھم جانیوالی پرواز پی کے 791 پر کپتان اور فضائی میزبان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ کپتان کا کہنا تھا کہ فضائی میزبان نے روزہ رکھا ہوا ہے، اس لیے اسے فلائٹ پر نہیں لے جا سکتا۔

فضائی میزبان کا کہنا تھا کہ کسی قانون میں نہیں لکھا کہ روزہ رکھنے پر پابندی ہے۔ کپتان نے دعویٰ کی اکہ سرکلر کے مطابق دوران پرواز روزہ نہیں رکھا جا سکتا۔

ذرائع نے بتایا کہ کپتان نے فضائی میزبان سے کہا کہ اگر وہ روزہ توڑ دے تو اسے پرواز پر لے جایا جا سکتا ہے، بصورت دیگر اسے جہاز سے اترنا ہوگا، ورنہ پرواز آپریٹ نہیں کرونگا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ روزہ رکھنے پر کوئی پابندی نہیں، کپتان کو روزہ رکھنے پر فضائی میزبان کو آف لوڈ نہیں کر نا چاہیے تھا، پرواز سے واپسی پر کپتان کے خلاف کارروائی ہوگی۔