خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیس مئی تک توسیع

Last Updated On 16 May,2019 07:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیس مئی تک توسیع کر دی۔

احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سیکنڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈیوٹی جج جواد الحسن نے کیس سنا۔ جیل حکام نے سابق صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ خواجہ سعد رفیق کو اسلام آباد میں ہونے کے باعث پیش نہ کیا جا سکا۔ سابق وفاقی وزیر کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دی گئی۔

رجسٹرار نے کیس کی جلد سماعت کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ سڑکیں بلاک ہیں، لوگوں کی سہولت کے لئے کیس کی جلد سماعت کی جائے۔

عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ مجھ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے، اپنی مرضی سے کام کروں گا، چاہے پورے شہر میں کرفیو لگا لیں۔

جج نے کہا کہ پہلے سے مقرر کیسز کی سماعت کے بعد باری آنے پر ہی کیس سنوں گا۔ عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی جبکہ سماعت 30 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔