فواد چودھری کی مفتیان کرام کو گردشِ چاند کا نظارہ کرنے کی دعوت

Last Updated On 20 May,2019 08:39 pm

اسلام آباد‏: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے مفتی منیب الرحمن اور شہاب الدین پوپلزئی کو گردش چاند کا نظارہ کرنے کی دعوت دینے کا اعلان کر دیا ۔

اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ مولانا منیب الرحمن اور شہاب الدین پوپلزئی کو دعوت بھجوا رہے ہیں کہ وہ تشریف لائیں اور خود دیکھیں کہ چاند کیسے گردش کرتا ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ دونوں رہنما دیکھیں کہ سائنسی طور پر کیوں یہ انتہائی آسان ہے کہ چاند کے اصل مقام کا تعین ہو سکتا ہے اور اس کیلئے زیادہ پاپڑ بیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل فواد چودھری کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ علمائے کرام کا احترام ہے لیکن پوری دینا میں چاند دیکھنے کے معاملات رضا کارانہ بنیادوں پر ہوتے ہیں۔ عید اور رمضان کے چاند دیکھنے پر 40 لاکھ خرچ کر دینا کہاں کی عقلمندی ہے؟

یہ بھی پڑھیں: چاند دیکھنے پر 36 سے 40 لاکھ خرچ کرنا کہاں کی عقلمندی ہے: فواد چودھری

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کے لئے کمیٹی قائم کرنے کے حوالے سے رائے دی ہے لیکن ہر کسی کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں، کم ازکم چاند دیکھنے کا تو معاوضہ نہیں ہونا چاہیے۔ پوری دنیا میں ایسے معاملات رضا کارانہ ہوتے ہیں۔ رویت ہلال کمیٹی کے ممبران چاند تو رضاکارانہ دیکھ لیا کریں۔ چاند دیکھنے پر قومی خزانے سے بھاری رقم خرچ ہو رہی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ پڑھے لکھے علما اکرام انکی تجویز کی حمایت کر رہے ہیں، چاند دیکھنے کے لئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، 10 سال کا کیلنڈر بن جائے گا تو غیر ضروری اخراجات اور تنازعات سے بچ جائیں گے۔