رمضان بازاروں میں مردوں کیساتھ خواتین نے بھی معاشی مورچے سنبھال لیے

Last Updated On 20 May,2019 09:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رمضان بازاروں میں مردوں کے ساتھ خواتین نے بھی معاشی مورچے سنبھالے ہوئے ہیں۔ سٹالز لگا کر اشیاء فروخت کرنے والی خواتین دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔

دنیا نیوز کے مطابق رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کے سٹالز پر خواتین دکاندار بھی پھل سبزیاں اور دوسری اشیا فروخت کرنے میں پیش پیش ہیں۔ یہ خواتین ہر کام میں ماہر ہیں، سامان رمضان بازار میں لانا، کاروباری انداز سے سٹال میں سجانا گاہکوں سے بھائو تائو کرنا ان خواتین کے لیے کوئی مشکل کام نہیں ہے۔

رمضان بازاروں میں خواتین دکاندار زیادہ تر سبزیوں اور پھلوں کے سٹالز لگائے ہوئے ہیں، اس موقع پر خریداری کے لیے آنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ رمضان بازاروں میں خواتین دکانداروں سے بھاؤ تاؤ کرنے میں ہمیں آسانی رہتی ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق خریداری کے لیے آنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ رمضان بازاروں میں اشیا فروخت کرنے والی خواتین یقیناً قابل فخر ہے جو مہنگائی کے اس دور میں بھی اپنے گھر کو چلانے کیلئے خود میدان میں ہیں۔