جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری آٹھویں انکوائری میں بھی نیب طلب

Last Updated On 21 May,2019 03:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو سندھ حکومت کے غیر قانونی ٹھیکوں کی انکوائری میں 23 مئی کو طلب کر لیا۔

نیب کی جانب سے آصف زرداری کو دیئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی ٹھیکوں سے نوڈیرو ہاؤس کے انچارج ندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں رقوم منتقل ہوئیں، ایک کروڑ 70 لاکھ روپے سے نوڈیرو ہاؤس کے انتظامات چلائے گئے، آپ کے اور اہلخانہ کے فضائی اخراجات بھی اسی رقم سے منتقل ہوئے، آپ اہم معلومات رکھتے ہیں، پیش ہو کر جواب دیں۔ یاد رہے نیب آصف زرداری کو 7 انکوائریز میں پہلے طلب کر چکا ہے۔

ادھر سابق صدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے آٹھویں کیس میں عبوری ضمانت کرا لی۔ آصف زرداری نیب عدالت کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے اور سولر پراجیکٹ غیر قانونی ٹھیکہ کیس میں عبوری ضمانت کی استدعا کی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست منظور کرتے ہوئے 5 ، 5 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔

وکیل فاروق نائیک نے رقم کم کرنے کا کہا تو جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیوں کیش ختم ہوگیا ہے ؟ فاروق نائیک نے جواب دیا جی ہاں! بیلنس ختم ہوگیا ہے۔ عدالت نے مچلکوں کی رقم 2، 2 لاکھ روپے کر دی۔