اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچائے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں بدعنوانی کے چار ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول منظور قادر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے، ان پر غیر قانونی الاٹمنٹ اور قومی خزانے کو تین ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
اس کے علاوہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی کمپنی میسرز زرداری گروپ کیخلاف انکوائریز شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ن لیگی ایم این اے ناصر بوسال اور شہباز شریف کے سابق سیکرٹری امداد اللہ بوسال کیخلاف انکوائری شروع کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔