بلاول سندھ میں ناقص کارکردگی کو چھپانے کیلئے الزامات لگا رہے ہیں:فردوس عاشق

Last Updated On 25 May,2019 08:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو سندھ میں اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لئے پی ٹی آئی کی حکومت پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ سابقہ حکومتوں کی طرف سے معیشت کو دیئے گئے زخموں پر موجودہ حکومت مرحم رکھ رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ معیشت کو گرداب سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سابقہ حکمرانوں کی لوٹ مار، ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معشیت کا بیڑا غرق ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ زراعت میں ترقی، صنعتی بحالی، روز گار کی فراہمی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پائیدار معاشی نظام کے حوالے سے وزیر خزانہ نے جامع پلان کا اعلان کیا۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے، لوٹ مار کا باب اب بند ہوچکا ہے، معیشت کو استحکام کی طرف گامزن دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اپوزیشن احتساب سے بچنے کے لئے اداروں کو متنازع بنا رہی ہے، اپوزیشن کا اتحاد جس عجلت میں بنا اتنی ہی تیزی سے سے تنکوں میں بکھر جائے گا۔
 

Advertisement