کراچی میں عید پر بھی پانی کا بحران، علاقہ مکین بوند بوند کو ترس گئے

Last Updated On 06 June,2019 12:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں عید پر بھی پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، بوند بوند کو ترستے بفرزون پندرہ بی کے مکین کین اٹھائے نکل آئے، ٹینکر مافیا کی موجیں لگ گئیں۔

ماہ رمضان میں کراچی والے پانی کی بوند بوند کو ترستے رہے، عید پر بھی صورتحال پر قابونہ پایا جا سکا تو واٹر بورڈ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

شہر قائد میں پانی کا بحران زور پکڑ گیا، ملیر، بفرزون، پی آئی بی کالونی، محمودآباد، ڈیفنس، کلفٹن، نیو کراچی، ناظم آباد، اورنگی ٹاون اور بلدیہ ٹاون سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں شہری پانی کے بحران سے شدید پریشان ہیں۔

دعوؤں اور وعدوں کے برعکس واٹر بورڈ لوگوں کی شکایات دور نہ کرسکا تو واٹر بورڈ میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق گرمی کے سبب پانی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، ایگزیکٹو انجینئیرز سمیت واٹر بورڈ کا سارا عملہ شکایات دور کرنے کے لیے سرگرم ہے۔

واٹر بورڈ کے اس اقدام کے بعد بھی شہری مطمئن نہں۔ ان کا کہنا ہے کہ پانی کے دستیاب مقدار کو بھی منصفانہ تقسیم نہیں کیا جا رہا ہے جس سے پریشانی کا سامنا ہے۔
 

Advertisement