پنجاب کے آئندہ بجٹ کیلئے مختلف محکموں کی بجٹ سفارشات تیار

Last Updated On 09 June,2019 01:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بجٹ آئندہ مالی سال 2019-20 کیلئے مختلف محکموں کی بجٹ سفارشات تیارکر لی گئیں، بعض محکموں کا بجٹ بڑھایا گیا ہے اور بعض کا رواں برس والا بجٹ ہی مختص کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے بجٹ سفارشات تیار کرلیں، محکمہ خزانہ پنجاب ذرائع کے مطابق پبلک بلڈنگ کے لئے 8 ارب روپے رکھے جانے کی سفارش کی گئی۔ اربن ڈویلپمنٹ کے لیے 7 ارب، زراعت کے لئے 12 ارب، لائیو سٹاک کے لیے 5 ارب روپے رکھے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔

صاف پانی پراجیکٹ کے لئے 10 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے، رواں برس بھی 10 ارب روپے ہی مختص کئے گئے تھے۔ انڈسٹری اور کامرس کے لیے 11 ارب مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

گورننس اینڈ آئی ٹی کے لیے6 ارب روپے رکھے جانے کی سفارش کی گئی، رواں برس بھی 6 ارب روپے کا ہی بجٹ مختص کیا گیا تھا۔ ریسکیو کے لیے2 ارب، محکمہ ماحولیات کے لیے 2 ارب 50 کروڑ، لاہور کے512 منصوبوں کیلئے 50 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

نئی 23 ترقیاتی سکیموں کیلئے 42 ارب 39 کروڑ روپے مختص کئے جانے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں 16 ارب سے 18 نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔