زرداری، فریال ضمانت مسترد، پیپلز پارٹی کا پروڈکشن آرڈر جاری کرنیکا مطالبہ

Last Updated On 10 June,2019 04:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر صاحب ہم آپ سے انصاف چاہتے ہیں، یہ جمہوریت نہیں ہے۔ آصف زرداری کیلئے آپ پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد ہم سپیکر صاحب آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، جب کسی بھی رکن کیساتھ زیادتی ہوتی ہے تواسپیکرکی طرف دیکھتے ہیں۔ آپ ہمیں یقین دلائیں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اس وقت اجلاس میں آئیں۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ یکے بعد دیگرے اپوزیشن کے رہنماؤں کواٹھایا جارہا ہے۔ کیا نیب کے ریفرنس حکومتی اراکین کیخلاف نہیں ہے۔ نیب آصف زرداری کوہراساں کررہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم اگراحتجاج کرتے ہیں توہم پرلاٹھی چارج کیا جاتا ہے۔ ہمارا منہ بند کیا جارہا ہے۔ آج اپوزیشن لیڈربھی واپس آگئے ہیں،حکومت نے قیاس آرایئاں پھیلائی۔