متحدہ بانی پر فرد جرم عائد کی جائے یا نہیں، سکاٹ لینڈ یارڈ آج فیصلہ کریگی

Last Updated On 12 June,2019 05:59 pm

لندن: (دنیا نیوز) متحدہ بانی سے برطانوی پولیس کی پوچھ گچھ جاری ہے، پولیس متحدہ بانی پر فرد جرم عائد کرنے کے حوالے سے آج فیصلہ کرے گی جس کے بعد کراؤن پراسیکیوشن سروس کو فائل بھجوائی جائیگی۔

ادھر متحدہ بانی کی گرفتاری کو 24 گھنٹے مکمل ہونے کو ہیں۔ پولیس نے مزید 12 گھنٹے حراست میں رکھنے کیلئے درخواست کی جو منظور کر لی گئی۔ ذرائع کے مطابق متحدہ بانی کو منی لانڈرنگ اور نفرت انگیز تقاریر کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایف آئی اے کے سی ٹی ڈی ونگ نے شواہد اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کو دیئے۔ سی ٹی ڈی نے معلومات کا تبادلہ کیا، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم دوبارہ شواہد کا جائزہ لینے پاکستان بھی آئی، ان شواہد کی بنا پر متحدہ بانی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ گرفتاری کے بعد حکومت پاکستان نے بھی تفتیش کے لیے ٹیم لندن بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر انسداد دہشت گردی ونگ مظہر الحق کریں گے۔ تفتیشی ٹیم بانی متحدہ سے منی لانڈرنگ اور نفرت انگیز تقاریر کے بارے پوچھ گچھ کرے گی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی ٹیم لندن روانہ ہو گی۔ ادھر ایف آئی اے نے برطانوی وکیل ٹوبے کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں۔ عدالت میں بانی متحدہ کی درخواست ضمانت کی مخالفت بھی کی جائے گی۔
 

Advertisement