کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، پانی کا بحران سنگین ہوگیا، شہری پریشان

Last Updated On 14 June,2019 11:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں شہر کا بڑا حصہ رات بھر تاریکی میں ڈوبا رہا، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، کشمیر کالونی، اخترکالونی میں بجلی غائب رہی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کئے رکھا۔

شہر قائد میں حبس اور شدید گرمی میں بجلی بند ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی نایاب رہا۔ ملیرسٹی، رفیع گارڈن، نارتھ ناظم آباد، کشمیر کالونی، اختر کالونی، لیاقت آباد سی ون ایریا، بلدیا ٹاون، رفاع عام سوسائٹی، ملیر ہالٹ اور دیگر علاقوں میں کئی گھنٹوں بجلی غائب رہی۔

لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں نے جب جب کے الیکٹرک ہیلپ لائن 118 پر کال کی، تشہری ریکارڈنگ کے بعد لائن ازخود ڈراپ ہو تی رہی، لوڈشیڈنگ کے باعث رات آنکھوں میں کٹی، کوئی پرسان حال نہ رہا۔

ادھر کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا۔ گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس بھی متاثر ہوئے، ڈیمانڈ پوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بعض مقامات پر عملہ مقامی فالٹ کی درستگی کیلئے فیلڈ میں ہے۔ کے الیکٹرک کے مطابق علاقائی فالٹ کی درستگی کے بعد بجلی بحال کر دی گئی ہے تاہم کچھ علاقوں میں جزوی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔