پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا استحقاق ہے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 17 June,2019 07:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا استحقاق، حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نومولود سیاسی قیادت حکومت کو کیا چیلنج دے گی۔ پہلے انہوں نے ہی زرداری کو جیل کے اندر رکھا، آج انہیں سیاسی قیدی کہہ رہے ہیں۔ میڈیا اپوزیشن سے پوچھے زرداری پہلے ٹھیک تھے یا اب؟

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کو تہس نہس کرنے والا ٹولہ حکومت سے دس ماہ کا حساب مانگ رہا ہے۔ عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا، پانچ سال بعد عوام کو جواب دیں گے۔ لوٹ کھسوٹ والا ٹولہ دس ماہ کی حکومت سے حساب نہیں مانگ سکتا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے واضح کیا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا استحقاق ہے، ان معاملات سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، جب تک پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوتا ہم کچھ نہیں کر سکتے، یہ استقاق سپیکر کا ہے انہیں یہ حق حاصل ہے۔

انہوں نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج شہباز شریف نے مختلف بیانیہ دیا ہے۔ محترمہ پہلے اپنی صفوں میں انتشار ختم کریں، پھر حکومت کو ختم کرنے کے لیے نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اتحادیوں کیساتھ مل کر بجٹ کو پاس کریں گے، اپوزیشن اسی طرح ہاتھ ملتی رہ جائے گی، عوام ان کی کسی چال میں نہیں آئیں گے۔
 

 

Advertisement