اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی رویہ ثبوت ہے کہ وہ حقائق عوام سے چھپانا چاہتے ہیں۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے پارٹی ارکان کو مولانا فضل الرحمن سے ملاقات پر اعتماد میں لیا جبکہ پارٹی ارکان سے اے پی سی کی تاریخ اور ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بجٹ منظور نہ ہونے دینے کی حکمت عملی پر غور جبکہ اس حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے بجٹ سیشن کے حوالے سے حکومتی طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے شرمناک اور عوام دشمن حکومتی رویے کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا۔
ن لیگ اجلاس کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی رویہ ثبوت ہے کہ وہ حقائق عوام سے چھپانا چاہتے ہیں۔ قائد حزب اختلاف کو بولنے سے روکنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بجٹ عوام دشمن ہے۔ حکومت کو ڈر ہے کہ شہباز شریف عوام دشمن بجٹ کی سچائی بے نقاب نہ کر دیں۔