عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے پرانا نظام بدلنا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب

Last Updated On 23 June,2019 09:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے۔ عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے پرانا نظام بدلنا ہوگا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی خدمت کے دعویداروں نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا۔ سابق ادوار میں لوٹ مار کے باعث پاکستان بدحالی کی تصویر پیش کر رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کے خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر ذاتی تجوریاں بھری گئیں۔ قوم پر ظلم کرنے والے عناصر نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ چند عاقبت نا اندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں۔ حکومت مشکل فیصلے کر کے ملکی معیشت کو بہتر کر رہی ہے۔