’منی لانڈرنگ، منشیات فروشی میں ملوث لوگ پروڈکشن آرڈر لے لیتے ہیں ‘

Last Updated On 02 July,2019 08:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترجیحات طے کرنے اور قانون کو صوبائی حکومتوں سے مل کر تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے، بدقسمتی سے منی لانڈرنگ اور منشیات فروشی میں ملوث لوگ پروڈکشن آرڈر لے لیتے ہیں۔ مجرموں کے ساتھ کسی قسم کی مفاہمت نہیں ہوسکتی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کے کارنامہ سے تمام ارکان پارلیمنٹ کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، ارکان پارلیمنٹ رول ماڈل ہیں اور ان کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، سیاسی انتقامی کارروائی کہنے والے داستاں ضرور پڑھیں، اے این ایف نے مصدقہ اطلاعات پر رانا ثناءاللہ کو رنگے ہاتھوں پکڑا، باہر کے ملک میں یہ گھناﺅنا فعل ہوتا تو سیاسی جماعت رہنما سے لاتعلقی کا اعلان کرتی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدالتیں آزاد ہے، اپوزیشن ہماری طرف انگلیاں اٹھانے کی بجائے عدالت میں مقدمہ لڑے، نوازشریف مرغن غذاﺅں کی بجائے پرہیزی کھانا کھائیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی کی تبدیلی کے حوالے سے اپوزیشن بڑھکیں مار رہی ہے جب تحریک عدم اعتماد میں لائیں گے تو جواب دینگے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کا 13 نکاتی ایجنڈا تھا، ایجنڈے پر تفصیل سے غور کیا گیا اور اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ حج پالیسی 2019عوام کے مفاد میں بنائی گئی ہے۔ وزیراعظم نے حاجیوں کی سہولیات کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں، اس حج کو سکینڈل فری حج بنانا ہمارا مقصد ہے۔ حاجیوں کی جیب کو تحفظ دینے کیلئے دیانتدار وزیر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پہلی بار اسلام آباد ایئرپورٹ سے امیگریشن کے بعد عازمین کی روانگی ہوگی، وزیراعظم پہلی حج فلائٹ کا افتتاح کریں گے۔ اسلام آ باد میں امیگریشن کا مقصد حاجیوں کی تکالیف کو دورکرنا ہے۔

مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ زبیر گیلانی کو سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔ کابینہ نے سینئر سٹیزن پروگرام 2019 کی منظوری دی گئی ہے۔ ہماری حکومت عوامی مفاد کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ شمالی کوریا کے ساتھ ویزوں کے حوالے سے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے، ڈالر کی منی لانڈرنگ کو روکنا ہے ،وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہے ۔ پاک فوج کا سرحدوں پر ایک کلیدی کردار ہے ، سمگلنگ روکنے کےلئے ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،کمیٹی اسمگلنگ اور ڈالر کی شکل میں پیسہ باہر جانے سے روکنے کے لیے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کریں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز قومی اثاثہ ہے، اس کوپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے چلایا جائے گا، پاکستان اسٹیل ملزچلے گی تو ملک میں ترقی کا پہیہ چلے گا۔