کابینہ اجلاس: چیئرمین سینیٹ کی کرسی بچانے کیلئے حکمت عملی تیار

Last Updated On 09 July,2019 12:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے، چیئرمین سینیٹ کی کرسی بچانے کیلئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، اعظم سواتی نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی۔

کابینہ اجلاس میں گزشتہ 10 سال کے دوران صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹیرینز کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات پیش ہونگی۔ 2008 سے اب تک صدور، وزرائے اعظم و اراکین پارلیمنٹ کے دوروں، علاج کی تفصیلات پیش کی جائیں گی، سربراہ مملکت یا حکومت اور ارکان پارلیمنٹ کے بیرون ملک علاج پر اخراجات کی رپورٹ پیش ہوگی، سربراہان مملکت یا سربراہان حکومت کے کیمپ آفسز اور سیکیورٹی اخراجات پر بھی بریفنگ دی جائے گا۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ زیر بحث آئے گا، اعظم سواتی کابینہ کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد تحریک سے نمٹنے پر بریفنگ دیں گے، کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی تحریک کا بھی جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم دورہ امریکہ سے متعلق وفاقی کابینہ کو پیشگی اعتماد میں لیں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں معمول کے 6 نکاتی ایجنڈا پر غور ہوگا۔

قطری شہریوں کو آن آرائیول ویزہ سہولت فراہم کرنے کا معاملہ زیر غور آئے گا، کابینہ اجلاس میں ایف آئی اے کی تنظیم نو کا معاملہ زیر غور آئے گا، وزارت اطلاعات سے وزارت قومی تاریخ وادبی ورثہ میں بعض اشیا منتقلی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں احتساب عدالت کے جج کی مبینہ ویڈیو کا معاملہ زیر بحث آنے کا امکان ہے۔