'احتساب جاری رہیگا، خزانہ لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی واپس لیں گے'

Last Updated On 16 July,2019 03:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) علی محمد خان نے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر کے پیچھے چھپنا نہیں چاہئے، سابق حکمرانوں نے قومی خزانے کو شدید نقصان پہنچایا، احتساب کا عمل ہر صورت جاری رہے گا، خزانہ لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی واپس لیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ایسا لگتا ہے خواجہ آصف آج ہی پاکستان آئے ہیں، زلزلہ متاثرین کے فنڈز میں خورد برد کا الزام ہم نے نہیں لگایا، آپ میں ہمت ہے تو اپنے لیڈر سے جا کر پوچھیں، ماضی میں ملکی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا، وزیراعظم عمران خان اپنا خرچہ خود اٹھاتے ہیں۔

علی محمد خان کا کہنا تھا سابق وزیراعظم نے ملک کے پیسوں سے بیرون ملک دورے کیے، میں 10 ماہ اور آپ اپنے 35، 40 سال کا حساب دیں، خواجہ آصف شاید خوابوں میں وزیر دفاع رہے، گزشتہ 40 سال جمہوریت اور اپوزیشن میں آنکھ مچولی کھیلی گئی، آمروں نے بار بار آئین کو پامال کیا، پاکستان کے خزانے کا دیوالیہ کس نے نکالا ؟۔